ملتان،06 اکتوبر(اے پی پی):انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایات پر ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کے احکامات پرسیکٹر کمانڈر ایم فور عاطف چوہدری کیطرف سے نجی کمپنی کے آفس میں روڈ سیفٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس میں نیشنل ہائی ویز اینڈموٹروے پولیس کیطرف سیکٹر کمانڈر ایم فور عاطف علی چوہدری،انسپکٹر وقاراحمد،انسپکٹرگلزار احمد کے علاوہ دیگر سٹاف نے شرکت کی۔
سیمینار میں نجی کمپنی کے ڈرائیورز اورافسران سےروڈ سیفٹی کی اہمیت کے بارے میں بات کی گئی۔سیکٹر کمانڈرعاطف علی چوہدری نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے پاکستانی معاشرے میں حادثات کی صورت میں ہونے والے نا قابل تلافی جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکتا ہے ۔
سیمینار میں دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ لگانے،اوور سپیڈنگ ،کمزور ٹائروں کے نقصانات، موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمیٹ پہننے کے فوائد کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ انسپکٹر گلزار احمد نےانسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ مہم نو مور (No More ) کے بارے میں ڈرائیورز کو بار بار لین تبدیل نہ کرنے ،اوور لوڈنگ اور ڈوزنگ ایٹ ویل کے بارے میں بریفنگ دی ۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی طرف سے روڈ سیفٹی سٹال بھی لگایا گیا پمفلیٹس تقسیم کئے گئے جس کو شرکاء کی طرف سے خوب سراہا گیا۔
تقریب کے اختتام پر سیکٹر کمانڈر عاطف علی چوہدری نے نجی کمپنی کے بہترین ڈرائیورز اور ان کے بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور کہاکہ روڈ سیفٹی پر عمل پیرا ہونا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ہمیں بحیثیت قوم ٹریفک قوانین کا احترام کرنا چاہئے۔











