پاکستانی عوام اور حکومت مشکل وقت میں سعودی امداد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتی ہے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سعودی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

3

اسلام آباد۔30ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب زدگان کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت سیلاب جیسے مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتی ہے ،سیلاب سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب  کے مابین 4.6 ارب ڈالر کے موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم  کو مزید بڑھانے  کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی  سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں ، پاک سعودی تعلقات مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت سے جڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک قیادت میں تبدیلیوں سے قطع ِنظر مشکل حالات میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قریبی سیاسی تعلقات ہیں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کی گہرائی کی مکمل عکاسی نہیں کرتا ، پاکستان اور سعودی عرب  کے مابین 4.6 ارب ڈالر کے موجودہ دوطرفہ تجارتی حجم  کو مزید بڑھانے  کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت سیلاب جیسے مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتی ہے ۔صدر مملکت نے سیلاب متاثرین کو امداد پہنچانے کیلئے فضائی پل فراہم کرنے  میں سعودی عرب کی مدد کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب نے پورے پاکستان میں 33 ملین سے زائد افراد کو متاثر کیا، سیلاب میں  1500 سے زائد افراد جاں بحق  او ر 10 لاکھ سے زائد مویشیوں کا نقصان ہوا، سیلاب سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے ۔ صدر مملکت نے اسلامی تعاون تنظیم میں فلسطین ، کشمیر اور افغانستان سے متعلق معاملات اجاگر کرنے پر سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔ صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی روشنی ڈالی ۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے ، اقوام ِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کے پر امن حل میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔