ڈپٹی کمشنر کا محکمہ ہیلتھ کی ڈینگی سرویلنس ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ

5

چنیوٹ، 30ستمبر(اےپی پی ): ڈپٹی کمشنر محمدفاروق رشید نے محکمہ ہیلتھ کی ڈینگی سرویلنس ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور انسدادی اقدامات کا جائزہ لیا۔سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ڈپٹی ڈی او چنیوٹ اور ڈینگی سکواڈ و دیگر سٹاف بھی موجود تھا، ڈپٹی کمشنر نے پانی کے جوہڑوں و دیگر مقامات پر پانی میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کو چیک کیا اور اپنی نگرانی میں کیمیکل ٹریٹمنٹ سے لاروا کو ختم کروایا، انہوں نے گلی محلوں میں جاکر ٹیموں کی موجودگی اورممکنہ ڈینگی لارواکو تلف کرنے کے اقدامات چیک کئے۔انہوں نے گھروں میں ہاٹ سپاٹس کی خود بھی چیکنگ کی اور اہل خانہ کوانسداد ڈینگی سکوارڈز سے تعاون جاری رکھنے اور ڈینگی لاروا سے محفوظ رہنے کے لئے انسدادی وحفاظتی اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش کی روک تھام کے لئے اینٹی ڈینگی ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے ڈینگی کو افزائش کا موقع نہ ملے، انہوں نے کہا کہ انسدادی اقدامات نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج اور انہیں جیل بھجوایا جارہا ہے لہذا کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے انسدادی اقدامات کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح کیا کہ ڈینگی سرویلنس میں تعطل نہیں آنا چاہیے، انسدادڈینگی کے لئے ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہنی چاہیں۔