لاہور،26اکتوبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو ریلیف اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے کوشاں ہیں،پنجاب احساس راشن رعایت پروگرام کے ذریعے 80 لاکھ مستحق خاندانوں کو 40فیصد سستی اشیاء صرف فراہم کی جارہی ہیں،مستحق خاندان رجسٹرڈ کریانہ سٹورز سے 40 فیصد کم نرخ پر دالیں، گھی، آئل اور آٹا خرید سکتے ہیں، اس کے ساتھ رجسٹرڈ کریانہ سٹورز کے مالکان کو 10 فیصد کمیشن بھی دیا جا رہا ہے۔
چودھری پرویز الہی نے یہ باتیں وزیراعلی آفس میں تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر راجہ محمد بشارت بھی موجود تھے ۔وزیراعلی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اورفلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔سیلاب سے متاثرہ 3 اضلاع میں بھی متاثرین کو اس پروگرام میں رجسٹرڈ کرایاگیا ہے اور ابتدائی طورپر پنجاب حکومت نے ایک سو ارب روپے اس پروگرام کے لئے رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو ریلیف دیناہمارا ویژن ہے،جسے ہم نے عملی جامہ پہنایا ہے۔
وفد میں شرجیل یونس،ملک محبوب الہی،حاجی ملک محمد رفیق،چودھری ذوالفقار اورزین اعجاز شامل تھے۔ وفدنے وزیراعلی چودھری پرویزالہی کی فلاحی خدمات کو سراہا۔











