لاہور، 20 اکتوبر ( اے پی پی ): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں، غریبوں کا پیسہ لوٹنے والے قبضہ مافیا کے بھیانک اور مکروہ چہرے بے نقاب کریں گے اور انہیں قانون کی گرفت میں لاکر عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ان سے نکلوائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا اظہار آج 90 شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ایل ڈی اے قبضہ مافیا سے زمینیں واگزار کرانے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرتا رہا ہے لیکن قبضہ مافیا نے عدالتوں سے سٹے لے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے نے سٹے ختم کرانے کے لئے بہترین وکلاء کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں امید ہے کہ انصاف ضرور ہو گا۔
صوبائی وزراء حسنین بہادر دریشک، سردار آصف نکئی،مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ اور ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔











