چترال؛ڈسٹرکٹ جیل میں پہلی بار دو روزہ سپورٹس گالا کا اہتمام ،قیدیوں نے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا

4

چترال،یکم اکتوبر(اے پی پی): ڈسٹرکٹ جیل چترال میں پہلی بار  قیدیوں کیلئے  دو روزہ سپورٹس فیسٹویل منعقد کرایاگیا۔ اس سپورٹس گالا کا اہتمام ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر زمان نے ڈائریکٹوریٹ سپورٹس خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے کیا تھا۔افتتاحی تقریب  میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل  محمد عرفان  مہمان حصوصی تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر اس سپورٹس فیسٹیول کا افتتاح کیا۔

 سپورٹس فیسٹیول میں  رسہ کشی، بیڈ منٹن،  کریم بورڈ، ولی بال، میوزیکل چئیر اور بوری ریس کے مقابلے ہوئے۔ ہر کھیل کیلئے دو، دو ٹیم ترتیب دی گئی تھیں۔ ایک ٹیم قیدیوں  جبکہ ان کے مقابلے میں ایک ٹیم جیل عملے کی تھی۔

رسہ کشی کے مقابلے میں  جیل عملہ ٹیم نے قیدیوں کی ٹیم کو شکست دیکر فائنل ٹرافی جیت لی۔ اسی طرح کریم بورٹ کے مقابلے میں بھی ٹرافی جیل عملہ ٹیم نے جیتی جبکہ  ولی بال کے مقابلے میں قیدی ٹیم نے جیل عملہ ٹیم کو شکست دی۔ میوزیکل چئیر اور بوری میں پاؤں بند کرکے ریس لگانے کے مقابلے میں بھی قیدی ٹیم نے ٹرافی اپنے نام کی۔

 احتتامی تقریب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر چترال انوار الحق  مہمان حصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔اس جیل میں  چار خواتین سمیت 90 قیدی ہیں۔

احتتامی تقریب سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر انوار الحق نے کہا کہ صوبائی حکومت نے  صوبہ بھر کے تمام جیلوں میں ایک پروگرام شروع کررہا ہے جس میں ان قیدیوں کو کوئی ہنر، دستکاری یا کوئی بھی فن سکھاکر ان کو ایک منافع بحش انسان بنایا جائے گا جو بعد میں محنت کرکے رزق حلال کمانے کے قابل ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں رکھنا صرف سزا دینا مقصد نہیں ہوتا بلکہ ان کی اصلاح  مقصود ہوتا ہے۔

 ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر زمان نے کہا کہ جیل کے اندر قیدیوں کیلئے  سپورٹس کے ٹورنمنٹ منعقد کرانے کا بنیادی مقصد ان قیدیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھ کر ان کی اصلاح کرانا ہے تاکہ یہ یہاں سے باہر نکلیں تو کھیل کود میں حصہ لیکر آئندہ کسی جرم کا ارتکاب نہ کریں اور ایک مفید شہری بن سکیں۔

جیل سپرنٹنڈنٹ عثمان جاوید  نے بتایا کہ ان قیدیوں کیلئے اس قسم کے کھیل کود کے مواقع اور صحت مند سرگرمیاں نہایت ضروری ہے  اس  سے ایک تو ان کے ذہن  پر جو نفسیاتی طور پر  منفی اثرات ہیں وہ زائل ہوجائیں گے اور ساتھ ہی ان کی اصلاح بھی ہوگی تاکہ یہاں سے نکل کر ایک مفید شہری اور بہترین انسان بن کر زندگی گزار سکیں۔

 چترال کے ڈسٹرکٹ جیل میں پہلی بار سپورٹس ٹورنمنٹ منعقد کرنے پر یہاں موجود قیدیوں کے ساتھ ساتھ عملہ بھی نہایت خوش ہوا اور انہوں نے ان کھیلوں میں بھر پور حصہ لیا۔