لاہور20،اکتوبر ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت محکمہ پی اینڈ ڈی میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کے شفاف اور بروقت استعمال کیلئے تمام محکمے مزید محنت سے کام کریں، ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں۔سکیموں کے آغاز سے تکمیل تک کے ٹائم فریم پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر فنڈز کے استعمال سے متعلق ماہانہ اہداف کا حصول ہر صورت ضروری ہے،مختص فنڈز کسی صورت لیپس نہیں ہونے چاہئیں۔
چیف سیکرٹری نے محکموں کو غیر منظور شدہ سکیمیں منظور کرانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیش رفت کا با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ترقیاتی سکیموں میں حائل کسی بھی رکاوٹ سے متعلق فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے سست روی کا شکار سکیموں پر پیشرفت کیلئے محکموں کو پی اینڈ ڈی بورڈ کے ممبران سے رابطہ کار بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
محکمہ پی اینڈ ڈی کے حکام نے اجلاس کو مختص ترقیاتی بجٹ، فنڈز کے اجراء اور استعمال بارے بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 4992سکیموں میں سے 4556سکیمیں منظور کی جا چکی ہیں ،685ارب روپے کے مختص فنڈز میں سے334ارب روپے جاری کئے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب) اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔











