کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس، متاثرین سیلاب کو امدادی رقوم کی فراہمی کے طریقہ کار کی منظوری

7

لاہور، 20 اکتوبر ( اے پی پی ): وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا۔وزیر قانون خرم شہزاد ورک اور وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی نے اجلاس میں شرکت کی۔پنجاب میں متاثرین سیلاب کو امدادی رقوم کی فراہمی کے طریقہ کار کی منظوری دی گئی، پی ڈی ایم اے پنجاب بینک کو رقم ٹرانسفر کرے گی جو متاثرہ خاندان براہ راست وصول کر سکے گا۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا کہ متاثرین سیلاب کو شفاف طریقے سے رقوم کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اینوائرنمنٹ ٹربیونل کی تعداد بڑھائی جائے، جنوبی پنجاب میں بھی ٹربیونل قائم کیا جائے۔

 اجلاس میں وزیر صحت یاسمین راشد کو چیئر پرسن مانیٹرنگ اتھارٹی برائے پی ہوٹا تعینات کر دیا گیا، کمیٹی میں پنجاب اینوائرنمنٹ ٹربیونل کے ممبر کی تعیناتی سیالکوٹ کے تین ہسپتالوں کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوٹ قرار دینے کے نوٹیفکیشن اور سیکرٹری فنانس کو پنجاب بینک کا ڈائریکٹر لگانے کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں محکمہ ایکسائز اور این آر ٹی سی کے درمیان تنازعے کے حل کیلئے ثالث کی تعیناتی کا فیصلہ کیا  گیا۔ ڈی جی خان میں فتح خان بزدار انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ۔کابینہ کمیٹی نے بہاولپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شہری علاقے کا تعین کر دیا  گیا۔