اوکاڑہ،29اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات میں گھروں ،سرکاری عمارتوں ،دوکانوں ،پلازوں اور کاروباری مراکز کے اندر مچھروں کے خاتمہ کے لئے محکمہ صحت کی طے شدہ گائیڈ لائن کی پیروی اشدضروری ہے، موسم کی تبدیلی کے ساتھ اب مچھر عمارتوں میں زیادہ نقصان دہ ثابت ہونگے جس کے لئے مچھر سے بچاوَ کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اہم ترین معاملہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں ان ڈور اقدامات پر توجہ دیں لوگوں کی آگاہی اور رہنمائی کے لئے لگاتار کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں ہاٹ سپاٹس کی نگرانی کے لئے کام کرنے والی ٹیمیں بہترین نتائج دے رہی ہیں، ویکٹرسرویلینس کے لئے کام کرنے والی ٹیمیں محکمہ کی ہدایات کے مطابق اپنی معمول کی کاروائیاں ڈیش بورڈ پر اپ لوڈکریں۔
اس موقع پرڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ محمد اقبال محمود نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں ڈینگی کے 110 مریض ہیں جن میں سے کوئی بھی مقامی نہ ہے، ان تمام 110 مریضوں کی دوسرے شہروں میں سفر کی ہسٹری موجود ہے ،اس وقت اوکاڑہ کے مختلف ہسپتالوں میں ڈینگی کے 8 مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 1 ہزار 907 ویکٹر سر ویلینس ٹی میں کام کر رہی ہیں 586 ہاٹ سپاٹس ہیں جن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ انسداد ڈینگی ایس او پیزپرعملدرآمد کے سلسلہ میں لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، سرکاری محکمے ہاوس کیپنگ کے لئے اقدامات کریں۔انہوں نے ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ محمد اقبال محمود کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی ریٹائرمنٹ کے حوالہ سے تحائف اور تعریفی اسناد سے نوازا ۔
اس موقع پر یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد واجد بھی موجود تھے۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اختر حسین مہار، سی ڈی آفیسر اصغر علی اورتمام ضلعی محکموں کے سر براہان نے شرکت کی۔











