اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ آئیسکو میں ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی ) کے لئے ڈیٹا سنٹر کا افتتا ح کر دیا ۔جمعہ کو ڈیٹا سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ اے ایم آئی بجلی کمپنیوں میں چوری کی روک تھام کے حوالے اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا سنٹر کی سروسز دیگر بجلی کمپنیوں کو بھی فراہم جاسکتی ہیں۔ آئیسکو ڈیٹا سینٹر کی استعداد 50 لاکھ ہے جبکہ آئیسکو کے صارفین کی تعداد 34 لاکھ ہے ۔ وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا کہ وزارت توانائی نے اگست میں بجلی کمپنیوں کا موازنہ کیا، بجلی کے شعبے میں مسائل بہت گھمبیر اورزیادہ تعداد میں ہیں۔ انہوں نے بجلی کمپنیوں کو ہدایت دی کہ تمام کمپنیاں بڑے انڈسٹریل کمرشل صارفین کے لئے ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کےزیادہ نقصانات والے فیڈرز میں خراب میٹرز کی جگہ اے ایم آئی میٹرز لگاے جائیں گے ۔ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر ٹرانسفارمرز پر بھی ایڈوانس میٹرلگاے جائیں گے جس سے بلنگ کی کوالٹی بھی بہت بہتر ہوگی جبکہ بجلی چوری اور تکنیکی نقصانات پر قابو پانے میں مدد بھی ملے گی۔ خرم دستگیر نے مزید کہا کہ اس سے صارفین کی شکایت کا ازالہ ممکن ہوگا اور جدید میٹرز سے وصولی بھی آسان ہو گی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ 1.8 ارب روپے کی لاگت سے اے ایم آئی میٹر سسٹم مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی صارفین کے لئے لاگت کم کرنا چاہتی ہے اور بجلی صارفین کو لاگت سے زیادہ چارج نہیں کرنا چاہتے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے آغاز میں سولر منصوبے کی بڈنگ شروع کرنے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں وفاقی سرکاری عمارتوں پر سولر پینلز لگائے جائیں گے ۔











