الخدمت فاؤنڈیشن کا انسانیت کی خدمت کا مثالی کردار رہا ہے؛عبدالجبار بٹ

14

میرپورخاص،07 نومبر ( اے پی پی):  قدرتی آفات اور وبائی امراض بالخصوص کورونا ،سیلاب و زلزلے میں الخدمت فاؤنڈیشن کا انسانیت کی خدمت کا مثالی کردار رہا ہے، الخدمت کے رضاکاروں کی بے مثال کاوشوں سے بارش و سیلاب سے متاثرہ گھرانوں میں امدادی سرگرمیوں کا تسلسل طمانیت کا احساس دلاتا ہے ،معاشرے کے کمزور اور مستحق ضرورتمندوں کی بلا امتیاز  داد رسی کرنا اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی کا بہترین ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار  ڈائریکٹر جنرل نیشنل آرفن کیئر پروگرام   برگیڈیئر ریٹائرڈ عبدالجبار بٹ نے مقامی ہال میں الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے تحت بارشوں سے متاثرہ اور دیہاڑی دار مزدور پیشہ ضرورت مند پانچ سو  گھرانوں میں خشک راشن تقسیم کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

عبدالجبار بٹ نے کہا کہ میں مبارک باد پیش کرتا ہوں الخدمت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران اور رضاکاروں کو کہ دیگر اداروں سے بہتر اور موثر پلاننگ  کے ساتھ ایک ایک ضرورت مند تک پہنچ کر باعزت انداز میں انہیں سہولیات پہنچارہے ہیں ۔

اس موقع پر دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ مشکلات اور آزمائش کی یہ گھڑی یقیناً عارضی ہے وقت گزر جائے گا  ھمیں ہمت اور حوصلہ مندی سے حالات کا مقابلہ کرنا چا ہیے اور ایک دوسرے کا دست و بازو بننا چاہئیے  انشاءاللہ الخدمت فاؤنڈیشن مخیر حضرات کے تعاون سے بارش سے متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گی ۔

تقریب سے ڈپٹی سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ محمد افضال آرائیں ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص نادر خان ،مقامی امیر محمد رفیق چوھان ، لالہ نور محمد اور ظفر اقبال مجاہد نے بھی خطاب کیا۔

پروقار تقریب میں میرپورخاص اور قرب و نواح سے آئے ہوئے سیکڑوں مرد و خواتین موجود تھے ۔