اٹک، 29 نومبر(اےپی پی): ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر نگرانی بچوں میں پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی مہم نومبر 2022کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری سکول اٹک میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)اٹک اعتزاز اسلم مارتھ تھے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک ڈاکٹر جواد الٰہی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی اٹک ملک فتح خان،ڈی ای او سکینڈری اکرم ضیاء،ڈپٹی ڈی ای او اٹک سید تقی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔
سی ای او ہیلتھ اور سی ای او ایجوکیشن نے بچوں میں پیٹ کے کیڑوں کے مسائل اور ان کا بچوں کی صحت پرمضمرات پر روشنی ڈالی اور پنجاب ڈیورمننگ انیشی ایٹوکے اس احسن اقدام پر خراج تحسین پیش کیا۔ سی ای او ایجوکیشن نے تمام ٹیچرز کو اس مہم کو کامیاب بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ مہم 28 -29 نومبر اور فالواپ 2 دسمبر جاری رہے گی جس میں ضلع بھر میں پانچ سال سے چودہ سال تک کے تقریباً تین لاکھ ساٹھ ہزار بچوں کو گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں میں پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی دوا کھلائی جائے گی۔ مہم کاافتتاح اے ڈی سی آر اٹک اعتزاز اسلم مارتھ نے سی ای اوہیلتھ اور ایجوکیشن کے ہمراہ بچوں کو پیٹ کے کیڑوں سے بچاؤ کی دوا کھلا کر کیا۔بعد ازاں عوامی آگاہی کے لیے واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی قیادت اے ڈی سی آر اٹک نے کی۔











