ملتان، 29 نومبر(اے پی پی ): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حق نواز چوہان نے صفائی بارے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بوسن روڈ سے ہیڈ محمد والا جانیوالی شاہراہ کا دورہ کیا اور سڑک کے اطراف میں پڑا کچرا فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے نیو گلگشت اور خان ویلج جانیوالی والی سڑک سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور ڈبل پھاٹک سے وہاڑی چوک تک شاہراہ کی سکریپنگ کی بھی ہدایات جاری کیں۔
حضرت شاہ رکن عالم کے عرس کے پیش نظر قلعہ کہنہ قاسم باغ کی مثالی صفائی کے لئے احکامات دے دیئے گئے ہیں۔ سی ای او حق نواز چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہرکے داخلی راستوں کی صفائی کو پلان کا حصہ بنایا جائے، داخلی شاہراہوں کی صفائی سے شہر اولیاء آنیوالے لوگوں پر اچھا تاثر قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کمرشل اور رہائشی علاقوں کی صفائی کو یکساں اہمیت دی جائے ۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حق نواز چوہان نے کہا کہ شہر کے نظر انداز کئے گئے علاقوں کی صفائی کے لئے شیڈول تیار کیا جائے ، ویجیلنس ٹیمیں شہر میں ناقص صفائی والے علاقوں کی بھی نشاندہی کریں۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے۔











