بلوچ طلباءکی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے کمیشن کے کنوینئر سردار اختر مینگل کی سربراہی میں اجلاس

13

کوئٹہ،17نومبر  (اے پی پی):بلوچ طلباءکی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائے گئے کمیشن نے کنوینئر سردار اختر مینگل کی سربراہی میں سی ایم سیکریٹریٹ بلوچستان کا دورہ کیا اور بلوچ طلباءکے خدشات اور شکایات کے ازالے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

 اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان، آئی جی پی بلوچستان، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈویژنل کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچ طلباءکی گمشدگیوں اور دیگر شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے بتایا کہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں سیل قائم کر دیئے گئے ہیں اور ان کی تشہیر بھی کی جا رہی ہے۔

چیف کمشنر مکران نے بتایا کہ ہیلپ ڈیسک قائم کردیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ کمشنر کوئٹہ نے کہاکہ انہیں ہیلپ ڈیسک کے ذریعے 4 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن کو ہوم ڈیپارٹمنٹ بھیجیں گے۔ کمشنر رخشان ڈویژن اور ڈویژنل کمشنرز نے بتایا کہ ہیلپ ڈیسک قائم کر دیئے ہیں، کوئی درخواست موصول ہوگی تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔

 ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ بلوچستان نے کہا کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ سیل میں متعدددرخواستیں موصول ہوئی، سکروٹنی کا 10 مرحلوں کا عمل ہے، 222 درخواستوں پر انویسٹی گیشن شروع کردی گئی ہے۔ کمشنر قلات نے بتایا کہ ہمیں 12 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔آئی جی پی بلوچستان نے کہا کہ عوام کے ساتھ انٹرایکشن کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔