ملتان، 20 نومبر (اے پی پی ): کوارڈینیٹر چائلڈ رائٹس کمیٹی شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ چائلڈ رائٹس کمیٹی کا پیغام ہے کہ بچے ہمارا قومی اثاثہ ہیں اور پوری قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، پاکستان کا بہتر مستقبل ترقی اور طاقت انہی سے ہے اور یہی ہماری ضرورت ہیں اس لیئے والدین ، اساتذہ اور معاشرے کے ہر فرد سے اپیل ہے کہ بچوں کو اچھی تعلیم دی جائے ، ان کی کردار سازی کے لیے ضروری تربیت دی جائے تاکہ وہ ہر قسم کی معاشرتی برائیوں سے پاک اور ایک اچھی نیک زندگی گزار سکیں۔
بچوں کے عالمی دن پر کوارڈینیٹر چائلڈ رائٹس کمیٹی شاہد محمود انصاری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بچوں کا عالمی دن ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے، دنیا بھر میں یونیسف کے تحت یوم اطفال بچوں کے لیئے ایکشن کا عالمی دن منایا جاتا ہے، یہ دن بچوں کے حقوق کے کنونشن کو اپنانے کا دن بھی ہے، 1954 میں پوری دنیا میں بچوں کی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اس روز کو جشن منایا گیا تھا۔
شاہد محمود انصاری نے کہا کہ بچوں میں محنت اور حب الوطنی کا حقیقی جذبہ بیدار کرنا ہے ۔ بچوں کی تعلیم و تربیت، معاشرتی تربیت اور مذہبی تربیت سے متعلق شعور اُجاگر کیا جائے تاکہ دنیا بھر کے بچے مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ چائلڈ رائٹس کمیٹی کی قوم کے ہر فرد سے گزارش ہے کہ بچوں سے اچھا سلوک کریں،بدقسمتی سے آج بھی بچوں کو اپنے بڑوں کے نارواسلوک، ظلم و زیادتی اور تشدد کا سامنا ہے جبکہ اس قسم کا سلوک بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔لہذا ہمیں بچوں سے ایسے تمام منفی رویوں سے گریز کرنا چاہیے جس سے انکی شخصیت پر منفی اثرات مرتب ہوں، بچوں سے پیار، انسانیت کا وقار اور بچوں کا تحفظ ہم سب کی ذمے داری ہے۔











