بہاولنگرمیں میڈیکل کالج جون2024میں مکمل فعال ہوجائے گا؛ سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی

34

 

بہاولنگر،22 نومبر ( اے پی پی): سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ  بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کو ہرصورت مکمل کریں  گے ، جو  جون2024میں مکمل فعال ہوجائے گا جبکہ بہاولنگرمیں 200بستروں پر مشتمل مدراینڈچائلڈ ہسپتال پربھی تیزی سے کام جاری ہے ۔

سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیرصدارت بہاولنگر میں محکمہ صحت کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقدہوا، جس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجدعلی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آغانبیل، چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی، ڈائریکٹربلڈنگزساؤتھ عمیرچوہدری،سی ای او بہاولنگرڈاکٹرفائزہ کنول،ڈاکٹرعثمان اسلم،ایکسئین بلڈنگزمحمدندیم ودیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔

سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاویدقاضی نے اجلاس کے دوران بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کی سکیم کے روڈمیپ کاتفصیلی جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آغانبیل،بلڈنگزافسران اور چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی نے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی کو بریفنگ دی۔

صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کو ہرصورت مکمل کریں گے،انشاء اللہ بہاولنگرمیں میڈیکل کالج جون2024میں مکمل فعال ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاولنگرکے میڈیکل کالج میں ڈاکٹرزکی رہائش گاہوں، ڈاکٹرز اور سٹوڈنٹس ہاسٹل سمیت دیگرسہولیات مہیاہوں گی۔

صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر 539بستروں پر مشتمل ہے،بہاولنگرمیں 200بستروں پر مشتمل مدراینڈچائلڈ ہسپتال پربھی تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں  نے متعلقہ افسران کو بہاولنگرمیں میڈیکل کالج کے حوالہ سے محکمہ پی اینڈڈی کے ساتھ مکمل کوارڈنیشن کی ہدایت کی۔