جلال پورپیروالہ،16 نومبر(اے پی پی ):سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے فارمل انسپکشن کے لئے تھانہ صدر شجاع آباد، راجہ رام ، تھانہ صدر جلال پور کا دورہ کیا، جلال پور دورہ کے موقع پر سی پی او ملتان نے حوالات میں سہولیات، تھانوں میں سیکورٹی، فرنٹ ڈیسک پر درخواستوں کے اندراج ،تھانہ ریکارڈ رجسٹر ملاحظہ کیا اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے حوالات میں قیدیوں اور تھانوں میں آئے سائلین سے مسائل بھی دریافت کیے اور ان کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس تھانوں میں آنے والے تمام سائلین کے لئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور کرائم کنٹرول کرنے کے لئے پولیس گشت کے نظام کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم مقامات پر تاکہ بندی کریں۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ صدر علی حسن گیلانی، ڈی ایس پی جلال پور میاں عبدالرؤف، ڈی ایس پی شجاع آباد محمد رمیض بخاری و دیگر افسران بھی موجود تھے ۔











