خواتین کی شرکت کے بغیر پائیدار ترقی اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،ایم این اے شاہدہ رحمانی

3

اسلام آباد،24نومبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ  وومن کاکس کی سیکرٹری  شاہدہ رحمانی نے کہا ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر پائیدار ترقی اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ،خواتین ملک کی تعمیر و ترقی اور  امن کے لئے  اپنا کلیدی کردار ادا کررہی ہیں ۔ جمعرات کو وومن کاکس کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین کے پارلیمانی کاکس کی قومی کانفرنس میں شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتی ہوں ،  کانفرنس معاشرے میں خواتین کے بامعنی کردار کو اجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد وفاقی اور صوبائی کاکسز میں ہم آہنگی قائم کرنا ہے ،پارلیمان کے ہاؤس بزنس میں خواتین کی بامعنی شرکت کو یقینی بنانے پر  سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔ ان کا کہنا تھا کہ وومن پارلیمانی کاکس جماعتی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر پائیدار ترقی اور امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کررہا ہے ،پاکستانی خواتین کیلئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی جدوجہد مشعل راہ ہے ،اس وقت ملک کے تمام پارلیمانوں کے ہاؤس بزنس میں خواتین ممبران سب سے اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔

شاہدہ رحمانی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں خواتین کے براہ راست انتخابات کیلئے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے ،وومن پارلیمانی کاکس خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے ۔وومن پارلیمانی کاکس نے سالانہ ترقیاتی فنڈز میں خواتین ممبران کا حصہ مختص کرنے کیلئے قرارداد  بھی پاس کی ۔