خیرپور،17نومبر(اے پی پی ): تباہ کن بارشوں ، قدرتی آفت سے بچنے اور پانی کے ذخائر کی تعمیر کیلئے سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے خیر پور میں ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کالج کی جانب سے ایک روزہ کانفرنس ڈائیلاگ آن فلڈ ڈیزاسٹر ان پاکستان (گلوبل کلائمنٹ چینج) کے عنوان سے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس کی صدارت سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور ماہر معاشیات سید اسد علی شاہ جیلانی نے کی، کے ایم سی کے پرنسپل ڈاکٹر رخسار شاہانی نے خطبہ استقبالیہ دیا جبکہ مہران یونیورسٹی شہیدذوالفقار علی بھٹو کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالسمیع قریشی نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد سے آگاہی دی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاءنے کہا کہ اس کا مقصد عوام، سول سوسائٹی، دور افتاد علاقوں میں رہنے والے، طلبہ و طالبات، عام شہریوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں میں شعور بیدار کرنا ہے، گزشتہ مہینوں میں ملک سمیت سندھ صوبے میں ہونی والی تباہ کن بارشوں، ان کی وجوہات، ازالے، منصوبہ بندی، پانی کے ذخائر کی تعمیر اور آبادکاری جیسے امور پر با مقصد سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں صوبائی سطح پر مضبوط منصوبہ بندی کی جائے تاکہ آنے والے سالوں میں ایسی تباہ کاری سے محفوظ رہنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو بروئے کار لایا جائے۔
کانفرنس میں ڈاکٹرز، طلبہ و طالبات، کونسلرز، صحافی، سول سوسائٹی کے سرکردہ افراد، معززین شہر، وکلاء، عمائدین، تعلیم دوست افسران سمیت بڑی تعداد میں متعلقہ افراد نے شرکت کی۔











