سیالکوٹ،25 نومبر(اے پی پی): ریجنل ایمرجنسی آفسیر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے سیالکوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ریسکیو1122سیالکوٹ کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 سیالکوٹ کے مطابق ریجنل ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ سید کمال عابد نے انسپیکشن ٹیم کے ہمراہ ضلع سیالکوٹ کے ہیڈ کوارٹر سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ کا دورہ کیا اور ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اسٹیشن اور گاڑیوں کی انسپیکشن کروائی۔
اس موقع پر ریسکیورز نے پریڈ کا عملی نمونہ پیش کیا جس کی کمانڈندیم اختر (ایل ایف آر) نے کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے سٹاف کی یونیفارم، ظاہری حالت، ریکارڈ، گاڑیوں کے آلات اور اسٹیشنز کی بلڈنگ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے فلڈ سٹور روم، کنٹرول روم ریکارڈ اور ایمرجنسی کالز کا بھی جائزہ لیا۔
ریسکیورز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے پریکٹس کو اپنی ہر شفٹ کا حصہ بنائیں تاکہ بہتر طریقہ سے لوگوں کو خدمات مہیا کی جا سکیں۔ ریسکیورز اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، کسی بھی ریسکیورز کو کسی قسم کا مسئلہ ہو تو وہ ضرور بتائے۔ انہوں نے ریسکیورزکی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضروری ہدایات بھی دیں۔











