لاہور،8نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنٹ سنٹر (پٹاک) کا صنعتی ترقی میں اہم کردار ہے،اس وقت ہماری مجموعی طور پر پندرہ سے بیس فیصد انڈسٹری چل رہی ہے، لوگوں کے پاس سرمایہ کاری ہے لیکن ان کے پاس صنعت کے بارے میں کوئی وژن نہیں ہے، سرمایہ کاروں کو مختلف صنعتی شعبوں میں آنے اور سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں پٹاک صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے لوگوں کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹاک کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں تسنیم احمد قریشی نے پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنٹ سینٹر (پٹاک)کا دورہ کیا جہاں پر ڈی جی پٹاک عرفان ظہیر نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر پٹاک کے ڈی جی عرفان ظہیر نے انہیں ملکی صنعتی ترقی میں پٹاک کے کام اور کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے گرافٹنگ انجینئرنگ، ریورس انجینئرنگ اور تھری ڈی پرنٹنگ سے متعلق مختلف ورکشاپس کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ڈی جی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر جو حالات چل رہے ہیں اس میں پٹاک کا بہت اہم کردار ہے،اس وقت ہماری مجموعی طور پر پندرہ سے بیس فیصد انڈسٹری چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس انڈسٹری کے لیے سرمایہ کاری تو بہت ہے لیکن آئیڈیا ز نہیں ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اس حوالے سے ڈی جی پٹاک سے کہا ہے کہ وہ اپنی انڈسٹری کے حوالے سے سفارشات مرتب کر کے ہمیں دیں تاکہ ہم لوگوں کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری کی وجہ سے ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں،اسکے لیے ہمیں صنعتی ترقی کی راہیں ہموار کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف بھی کوشش کر رہے ہیں کہ ہماری انڈسٹری کا پہیہ چلے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں،پی پی پی چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہمیشہ لوگوں کو روزگار دینے کی بات کی ہے۔
معاون خصوصی تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ ہم نے ڈی جی پٹاک کے ساتھ پروگرام ترتیب دیا ہے کہ انڈسٹری کا پہیہ چلانے کے لیے ہم ہر چیمبر آف کامرس میں جائیں گے جہاں پر کاروباری برادری کو انڈسٹری لگانے کے حوالے سے قائل کریں گے اور انہیں اپنے وژن سے آگاہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری میں بہتری ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری نہیں ہوگی تو بزنس مین رئیل اسٹیٹ کی جانب رخ کرے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم ڈی نوید قریشی، ڈپٹی ڈائریکٹر شعیب رشید،ارشد سوار،فخر سیام،اخلاق احمد،ارشد خان اوربسم اللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔











