کوئٹہ،22نومبر (اے پی پی):قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ قانون کی بالادستی، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہدا ء پر ہمیں فخر ہے۔ امن، تحفظ اور انصاف ایک مہذب معاشرے کی بنیادی خصوصیات ہیں، ملک اور صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے ہمیں اپنے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط اور مستحکم بنانا ہوگا، پولیس محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور پولیس نظام میں بہتری لانے کیلئے بہت کچھ کرنا اب بھی باقی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو گورنر ہاوس کوئٹہ میں شہدائے پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر، صوبائی وزراء، وزیر مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور انسپکٹر جنرل پو لیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سمیت شہداء کے ورثاء اور کئی دیگر اہم اشخاص بھی موجود ہیں۔ شہدائے پولیس کے حوالے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقدہ تقریب گیارہ شہداء کے ورثاء اور چھبیس غازیوں کو قائداعظم پولیس مڈلز اور پر یذ یڈ نٹ پولیس مڈلز سے نوازے گئے۔
اس موقع پر قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ معاشرے کی فلاح اور تعمیر و ترقی اداروں کے استحکام سے مشروط ہے،تمام اداروں کی مضبوطی اور استحکام سے ہی ترقی اور خوشحالی کے مساوی مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کی پروقار تقریب میں شرکت میرے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے آج کا دن بلوچستان کی تاریخ میں ایک اہم دن ہے، مجھے دلی خوشی ہے کہ میں بحثیت مہمان خصوصی شہدائے پولیس بلوچستان کی قر با نیوں اور سرانجام دینے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے والی اس اہم تقریب کا حصہ ہوں۔
قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے کہا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ محکمہ پولیس کے آفیسرز اور ملازمین کی اکثریت کا تعلق غریب گھرانوں سے ہے۔ دن ہو رات، سرد ی ہو یا گرمی اور امن ہو دہشت گردی کے حملے، جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہمارے نوجوان پولیس آپ کو ہر مشکل وقت اور پُرخطر جگہوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے نظر آئیں گے۔
قائمقام گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہمیں فخر ہیں ان تمام شہدا ئے پولیس پر جنہوں نے قانون کی بالادستی، عوام کے جان ومال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شہدائے پولیس کے لواحقین بھی داد اور آفرین کے مستحق ہیں جنہوں نے بڑ ے صبر، ہمت اور جرآت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تمام سرکاری آفیسرز پر زور دیا کہ وہ کسی قسم کے دباؤ میں آنے کی بجائے ایک سچے خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کریں۔ یہ بات واضح ہے کہ سرکاری افسر ان عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آپ بھی اپنے عمل و کردار سے قومی توقعات پر پورا اترنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کرینگے۔ معاشرے کے ہر ذی فہیم شخص بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج عہد کریں کہ ہم ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور سربلندی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
قائمقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور کی پوری ٹیم کا کامیاب تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے مجھے بھی آج کی شہدائے پولیس کی تقریب میں مدعو کیا اور شہدائے پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا اور لواحقین کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
قبل ازیں قائمقام گورنر بلوچستان نے شہدائے پولیس کے ورثاء اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے آفیسرز اور اہلکاروں کو قائداعظم پولیس مڈلز اور پریذیڈنٹ پولیس مڈلز سے نوازے گئے۔











