ملتان،22 نومبر(اے پی پی ): ایم ڈی واسا جواد کلیم اللہ نے چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن کادوہ کیا۔انہیں ڈسپوزل اسٹیشن کی آپ گریڈیشن منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ منصوبے کی کل مالیت 3 ارب 15 کروڑ روپے ہے، منصوبے پر فروری 2021 سے کام کا آغاز کیا گیا ہے ، منصوبے کے تحت 48 انچ سائز کی ایچ ڈی پی فورس مین لائن نصب کی جا رہی ہے۔ میگا پراجیکٹ کے تحت کل 11 ہزار میٹر فورس مین پائپ لائن ڈالی جائے گی ، اب تک 7 ہزار 500 میٹر لائن ڈالی جا چکی ہے، فورس مین پائپ لائن اعوان چوک سے نانڈلہ چوک براستہ نواب پور روڈ ڈالی گئی ہے، چونگی نمبر 8 سے چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن تک فورس مین ڈالنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایم ڈی واسا جواد کلیم اللہ نے چونگی نمبر9 سے نواب پور روڈ روٹ کا تفصیلی معائنہ بھی کیا ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے ، نواب پور روڈ کے مکینوں کو ریلیف دینے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔











