نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تین روزہ فن فیئر کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد

6

ملتان، 16نومبر (اے پی پی): نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تین روزہ فن فیئر کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے احاطہ میں ہوا جس میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج، پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر عارف محمود بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان اور پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش سمیت یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کی کثیر تعداد شامل تھی۔

فن فیئر میں طلبہ و طالبات نے مختلف سٹالز لگا رکھے تھے جس میں پینٹنگ اور لباس کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کے دیگر علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا تھا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز سجانے والے طلباء وطالبات سے بات چیت کی اور سٹال کی تیاری کے حوالے سے انکی کاوشوں اور صلاحیتوں کو خوب سراہا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تھا کہ اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیاں طلباء وطالبات میں تعمیری و فکری صلاحتیں پیدا کرتی ہیں دوسری جانب فن فیئر میں شرکت کرنے والے طلباء وطالبات نے اس طرح کی مثبت سرگرمیوں کو تفریح کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد عباس نقوی کے تعاون اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔