لاہور۔16نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کاپبلک سیفٹی اورعوام کو سہولتیں دینے کیلئے انقلابی فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے پولیس اوردیگر محکموں کیلئے1200 ڈرون کیمرے خریدنے کی اصولی منظوری دیدی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں پبلک سیفٹی اورعوام کو سہولتیں دینے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائیگا،صوبے میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کوجدید بنائیں گے اورصرف پولیس کیلئے ایک ہزار ڈرون کیمرے لئے جائیں گے،ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے صوبے میں جدید پولیسنگ سسٹم کو فروغ دیں گے اور پٹرولنگ پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبے میں سٹریٹ کرائم اوردیگر جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی،جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے میں ڈرون کیمرے معاون ثابت ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید ڈرون ٹیکنالوجی سے جلسے،جلسوں خصوصا ًمحرم الحرام اورمذہبی تہواروں کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ2021 کے دوران مینار پاکستان میں خاتون کے ساتھ انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا،ڈرون کیمروں کی مدد سے پارکس اورتفریحی مقامات کی مانیٹرنگ سے ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہوگی اور پارکس اورتفریحی مقامات کی موثر نگرانی کی جا سکے گی ، کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ فوری رپورٹ ہوگا اورمتعلقہ محکمے بروقت رسپانس دے سکیں گے،نائٹ ویژن ڈرون کیمروں سے رات کو بھی امن وامان کو بہتر بنانے میں مد د ملے گی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے سیلاب کی پیشگی معلومات کا حصول ممکن ہوگا،دریا ئوں میں پانی کے فلو کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جاسکے گا،سیلابی صورتحال کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے متعلقہ اداروں کو ریڈ الرٹ جاری کیاجائے گا،امدادی سرگرمیوں خصوصا ًادویات اورکھانے پینے کی اشیا کی متاثرین تک فراہمی میں بھی ڈرون ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ آتشزدگی،زلزلے یا کسی اورقدرتی آفت کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی سے متاثرہ علاقے میں بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ ڈرون ٹیکنالوجی سے بے پناہ مستفید ہوسکے گا،بڑے ڈرونز کے ذریعے فصلوں پرزرعی ادویات کا موثر انداز میں سپرے ممکن ہوگا،ٹڈی دل اوردیگرحشرات کا وقت سے قبل خاتمہ کیا جاسکے گا اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا،فصلوں کی پیداوار کا درست تخمینہ لگانے میں مد د ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سالٹ رینج میں کان کنی کے علاقے میں مائیننگ سرگرمیوں کی سرویلنس ہوسکے گی اورآن گرا ئونڈ کام کا درست اندازہ لگایا جاسکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری کے دوران لگائے گئے درختوں کی اصل تعداد کا تخمینہ ڈرون ٹیکنالوجی سے لگایا جاسکے گا،کسی بھی قدرتی آفت کے دوران زندگیاں بچانے کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیوکے حوالے سے ڈرون کیمروں کی مدد سے زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی،ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اوراس پروگرام پر عملدر آمد کیلئے پنجاب میں علیحدہ ونگ بنایا جائے گا،ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں عملے کو چینی کمپنی سے تربیت دلوائی جائے گی۔وزیراعلی چودھری پرویزالہی نے پولیس اورمتعلقہ محکموں کو ڈرون کیمرے لینے کیلئے حتمی سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے اپنی ضروریات کو مدنظر رکھ کر فائنل رپورٹ جلد پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول پنجاب کی تاریخ کا منفرد اورجدید ترین پروگرام ہے۔











