اسلام آباد،01 نومبر(اے پی پی ):وزیرِ اعظم شہباز شریف سے پیپسی کو کے وفد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایوجین ویلیمسن (Eugene Willemsen) کی قیادت میں منگل کو ملاقات ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار مخدوم مرتضی محمود بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومیں معاشی پالیسیوں کے تسلسل سے بنتی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے پیپسی کو کی پاکستان سے خطے کے دوسرے ممالک میں برآمدات کو سراہتے ہوئے کمپنی کو پاکستان میں زرعی صنعت میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دی۔
ملاقات میں چیف ایگزیکٹیو پیپسیکو نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار دوست (Business Friendly) پالیسیوں پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اورحکومت کی معاشی، کاروباری و سرمایہ کاری کی پالیسیوں کے تسلسل کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے وزیرِ اعظم کو مزید بتایا کہ پیپسی کو نے سیلاب متاثرین کیلئے 50 لاکھ راشن پیکٹ فراہم کئے جبکہ دنیا بھر میں پیپسی کو کے ملازمین کی طرف سے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے عطیات اکٹھے کرنے کی مہم بھی جاری ہے۔
وزیرِ اعظم نے پیپسیکو کی طرف سے اس مدد کا شکریہ ادا کیا اور کمپنی کی طرف سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے کیلئے سرمایہ کاری کو سراہا۔











