گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 75 ویں جشن آزادی  کے سلسلے میں تقریبات کا اہتمام

20

گلگت،01نومبر  (اے پی پی): گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 75 ویں جشن آزادی  کے سلسلے میں منگل کو  رنگ برنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے ۔سب سے اہم اور مرکزی تقریب چنار باغ گلگت میں منعقد ہوئی جہاں پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے پرچم کشائی کی، مزار شہداء پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت ،مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  یکم نومبر 1947کو ہماری قوم نے جس اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا تھا آج ہمیں اُسی اتحاد و اتفاق کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔یوم آزادی گلگت  بلتستان کے دن ہم سب کو مل کر اس عزم کاعہد کرنا ہے کہ ہم آپس کے اختلافات کو بھلا کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں گے۔ گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی کیلئے باہمی اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے سے ظلم و  ناانصافی کی خاتمے کیلئے یکجا ہونا ہوگا۔

خالد خورشید نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم سلام پیش کرتے ہیں اپنے شہداء اور غازیوں کو جنہوں نے آزادی کیلئے قربانیاں پیش کی۔ ہم زندہ قوموں کی طرح اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور آزادی کے اس دن کو بھر پور انداز میں مناتے رہیں گے۔ آزادی کے حقیقی معنوں کو سمجھنا ہوگا۔ آزادی کی قدر ان قوموں کو ہے جنہیں آزادی نہیں ملی ہے۔ گلگت  بلتستان میں جاری امن وامان کو قائم و دائم رکھنے اور ترقی کے اس سفر کو جاری و ساری رکھنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔