پاکستان – بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ سیریز بنگلہ دیش نے 1-2 سے اپنے نام کر لی

22

ملتان، 14 نومبر(اے پی پی ): بنگلہ دیش انڈر19نے پاکستان انڈر19 کو تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سےشکست دے کرتین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی، بنگلہ دیش کے پرویز جبون کو شاندارآل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر میچ کابہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔پاکستان کے عرفات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے سیریز 171 رنز بنائے اور3 وکٹیں حاصل کی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش انڈر19 ٹیموں کے مابین کھیلی جانے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش نے 221 رنز کا ہدف 41 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر محمد عاشق الرحمٰن شبلی نمایاں بیٹر رہے ان کی 72 رنز کی شاندار اننگز میں 11 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ،  کپتان احرار امین اور پرویز جبون کی شاندار 85 رنز کی شراکت نے بنگلہ دیش کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، احرار امین نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پرویز جبون نے بغیروکٹ گنوائے 57 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلی، محفوظ الرحمٰن 2 رنز بناکر نا ٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور محمد ذیشان نے 2،2 جبکہ محمد اسماعیل نے 1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

 اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ فیصلہ کیا۔ پاکستان کو اننگز کے ابتدا میں ہی پہلے وکٹ کا خصارہ اٹھانہ پڑا اوپنر محمد فاروق بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ کپتان سعد بیگ اور طیب عارف نےدوسری وکٹ کی شراکت میں 44 رنزبنائے۔ سعد بیگ 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، طیب عارف اور عُزیر ممتاز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز جوڑے۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 42 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر220 رنز بنائے۔ طیب عارف نے 8 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 87 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، عرفات منہاس نے 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، عُزیر ممتاز 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بنائے، سعد بیگ 17، شاہزیب خان 15رنز بناکر پویلین لوٹے، پاکستان کے 4 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل نہ ہو سکے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رفیع الزماں اور روہانت بورسن نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیا دونوں نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،  پرویز جبون نے 2 جبکہ اقبال حسین نے 1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔