ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی  کا  تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور کا دورہ

31

رحیم یار خان،23 (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور کا دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مجاہد ظفر میکن، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ طالب حسین رندھاوا بھی ہمراہ موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی، بیرونی مریضاں، ادویات سٹور اور مختلف وارڈز کا دورہ کرتے ہوئے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا حاضری رجسٹرڈ اور ادویات کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے علاج معالجے کی سہولیات کے متعلق دریافت کیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے شکار خاندانوں کے لئے حکومت پنجاب کا صحت کارڈ نعمت خداوندی ہے۔ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو صحت کارڈ کی افادیت و سہولت بارے ہسپتال انتظامیہ مکمل بریفنگ دے تاکہ مالی مشکلات کے حامل مریض اپنا علاج معالجہ بذریعہ صحت کارڈ کروا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کو ہسپتال میں دستیاب ادویات فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال لیاقت پور میں نہایت اہمیت کا حامل ہسپتال ہے جس کے لئے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور مشینری کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دو ہفتوں تک ٹی ایچ کیو لیاقت پور میں 12سے زائد ڈاکٹرز فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ آئی سی یو اور ڈائیلاسسز وارڈ کی بلڈنگز میں جرحی آلات، مشینری اور ڈاکٹرز کی فراہمی جلد ممکن بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو میں نئے سرجن ڈاکٹر نے بھی ذمہ داریاں انجام دینا شروع کر دی ہیں اور اس میں مزید توسیع کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تحصیل لیاقت پور میں تھیلسیمیا کے مرض میں مبتلا تمام بچوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں تھیلسیمیا وارڈز بھی جلد فنکشنل کیا جائے گا تاکہ اس مرض میں مبتلا بچوں کو دور نہ جانا پڑے۔انہوں نے کہا کہ عوا م اور مریضوں کی سہولت کے لئے فوری کئے جانے والے اقدامات، مشینری و افرادی قوت بارے ہسپتال انتظامیہ اپنی سفارشات تحریری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کرے تاکہ ترجیحی بنیادوں پر ہسپتال میں عوامی سہولت کے اقدامات کئے جا سکیں۔