اوکاڑہ،18نومبر)اےپی پی):کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں چھ روزہ سالانہ انٹر ہاﺅس سپورٹس مقابلہ جات اختتام پذیرہوگئے، کرکٹ،ہاکی،فٹ بال، والی بال ، باسکٹ بال، ایتھلیٹکس کے مقابلہ جات میں طلبہ نے بھر پور حصہ لیا ۔
پرنسپل پروفیسرعامر رﺅف ، وائس پرنسپل پروفیسر لیاقت علی نے اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی جرنلسٹ / صدر سماجی تنظیم ‘ماڈا ‘محمد مظہررشید چودھری کاتعارف سپورٹس ایڈیجوٹینٹ کیپٹن عزیز ، سپورٹس آفیسر صدام حسین، پبلک ریلیشن آفیسر نجیب الحق تابش سمیت دیگراساتذہ سے کروایا، انٹرہاﺅس کرکٹ چیمپئن شپ ، فٹ بال اور ایتھلیٹکس میں سکندر ہاﺅس نے کامیابی حاصل کی جبکہ باسکٹ بال اقبال ہاﺅس ،ہاکی جوہر ہاﺅس اور والی بال میں جناح ہاﺅس نے جیت اپنے نام کی ۔
تقسیم انعامات کی رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد مظہررشید چودھری نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلہ جات طلبہ کے لیے انتہائی ضروری ہیں ، کھیلوں سے ٹیم ورک اور سپورٹس مین اسپرٹ جیسی اہم زندگی کی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملتاہے۔
پرنسپل پروفیسرعامر رﺅف نے اس موقع پر کہا کہ کیڈٹ کالج اوکاڑہ میں ہر سال کھیلوں کے مقابلے منعقد کرواتے ہیں تاکہ طلبہ میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اُنکی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع ملے ،تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جاتا جوکہ طلبہ کی شخصیت کی نشوونما کے لیے اہم ہے۔
بعدازاں مہمان خصوصی محمد مظہررشید چودھری نے پرنسپل پروفیسرعامر رﺅف کے ہمراہ سپورٹس مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو گولڈ ، سلور اور براﺅن میڈلز پہنائے جبکہ آخری روزسکندر ہاﺅس کو شاندار کارکردگی پراول آنے پرہاﺅس ماسٹر محسن رشیداور کھلاڑیوں کو ٹرافی دی گئی جبکہ رنر اپ ٹرافی جناح ہاﺅس کے ماسٹر اظہر سلطان اور کھلاڑیوں کو دی گئی۔











