نوشہرہ ورکاں،23نومبر(اے پی پی): چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ ریجن جام محمد ایوب نے کہا ہے کہ گیپکو پاور کمپنی کو صارفین کو بہتر سے بہتر بجلی کی سروس فراہم کرنے کا اعزاز ہے اور صارفین کو جہاں بجلی کی بلا تعطل فراہمی دی جارہی ہے وہاں صارفین کے ذمہ واجبات کی ریکوری کو بھی سو فیصد لازم کیا جائے۔
ان خیالات کا چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ ریجن جام محمد ایوب نے نوشہرہ ورکاں گیپکو ڈویژن آفس میں دورہ کے وقت عملہ واپڈا کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو گیپکو گوجرانوالہ جام محمد ایوب ہمراہ ڈائریکٹر کمرشل میاں محمد عرفان نوشہرہ ورکاں پہنچے تو ایکسین گیپکو کریم بخش سومرو اور دیگر عملہ ایس سی سرکل ون امتیاز احمد چیمہ اور چاروں سب ڈویژنوں کے ایس ڈی اوز و دیگر عملہ نے انکا شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
چیف ایگزیگٹو گیپکو گوجرانوالہ جام محمد ایوب نے ڈویژن آفس کے تمام شعبوں میں پہنچ کر تفصیلی معائنہ کیا اور مزید ہدایات میں بجلی چوری روکنے، لائن لاسز کنٹرول کرنے اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات کے اندراج کے علاوہ سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انجینئر جام محمد ایوب نے ڈویژن گیپکو نوشہرہ ورکاں کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صارفین گیپکو کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لیے پر عزم رہ کر کام کریں۔











