کوئٹہ،7دسمبر( اے پی پی) :ضلعی الیکشن کمشنر لسبیلہ طارق عزیز بگٹی کی زیرصدارت ووٹرز ڈے کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی اسکول حب میں تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی جمہوریت میں حق رائے دہی کا کلیدی کردار ہوتا ہے، سیاسی اور سماجی ورکروں کو چاہیے کہ وہ دور دراز علاقوں میں ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگاہی مہم شروع کر کے خصوصی طور پر خواتین ووٹرز کو اس طرف راغب کریں تا کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج کروا کر اپنی قسمت کے فیصلے خود کریں۔
تقریب سے سیاسی و سماجی رہنماؤں طلباء و طالبات نے خطاب کرتے ہوئے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ضلعی الیکشن آفیسر لسبیلہ طارق عزیز کی زیر قیادت آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس میں اساتذہ کرام طلباء و طالبات سیاسی و سماجی رہنماؤں اور خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی۔











