ملتان، 07 دسمبر (اے پی پی ): ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر ایم فور عاطف علی چوہدری کی ہدایت پر افسران اور جوانوں کی تربیت کیلئے تین روزہ مشقوں کا انعقاد متی تل پولیس لائن میں کیاگیاہے۔ مشقوں کا مقصد قومی شاہراوؤں پر افسران اور جوانوں کی کسی بھی ہنگامی حالت میں استعداد کار بڑھاکر صورتحال پر قابو پانا ہے۔
ڈی ایس پی قمرشہزاد بھٹی کی زیرنگرانی ان مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے جاری کردہ دھند کی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا اور ٹریفک کا بہترین بہاؤ موٹروے پولیس کا فرض اولین ہے۔مزید یہ کہ کیریج وے پر کسی بھی گاڑی کے بریک ڈاؤن ہونے کی صورت میں ریکوری کی مدد سے کیرج وےفورا کلیئر کرایا جائے کیونکہ دھند میں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے رکی ہوئی گاڑی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے لیے قومی شاہراؤں کو محفوظ اور آرام دہ بناکر مسافروں کو جانی اور مالی نقصان سے بچانا ہے۔











