بھارت سے ہندو یاتری  کٹاس راج یاترا کیلئے واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گئے

19

لاہور،20دسمبر  (اے پی پی):ہمسایہ ملک بھارت سے ہندو یاتری سنجیو کمار کی سربراہی میں کٹاس راج یاترا کے لئے منگل کے روز واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچ گئے۔واہگہ بارڈر لاہور چیک پوسٹ کے راستے پاکستان آنے والے مہمانوں کا استقبال ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس نے کیا۔مہمانوں کو چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔

پارٹی لیڈر سنجیوکمار و دیگر کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان آ کر جو عزت و احترام ملتا ہے وہ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم نے بتایا کہ مہمانوں کی سیکورٹی و رہائش سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور اس ضمن میں چیئرمین بورڈ نے خصوصی احکامات جاری کر رکھے ہیں۔

بورڈ ترجمان کے مطابق ہندو یاتریوں کو امیگریشن اور کسٹمز کی ضروریات سے فراغت کے بعد سخت سیکورٹی حصار میں گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور  لے جایا گیا۔ہندو یاتری منگل کی شب لاہور میں قیام کے بعد  بدھ کی صبح  خصوصی بسوں کے ذریعے کٹار راج مندر چکوال روانہ ہوں گے۔

 22 دسمبر کو کٹاس راج میں شیو راتری پوجا/کارتک پوجا اور پوتر اشنان کی مرکزی تقریب منعقد ہو گی۔مرکزی تقریب میں بھارتی ہندو یاتریوں کے علاوہ پاکستان میں بسنے والے ہندو مذہب کے پیروکار بھی شریک ہوں گے ۔رات کٹاس راج میں قیام کے بعد 23 دسمبر کو ہندو یاتری واپس لاہور آئیں گے۔بھارتی ہندو یاتری24  دسمبر کو شاہی قلعہ لاہور میں شری لو کی سمادھی پر حاضری کے علاوہ کرشنا مندر لاہور کا دورہ کریں گے اور لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کریں گے۔

ہندو یاتری25  دسمبر کو واہگہ چیک پوسٹ راستے ہی واپس بھارت  چلے جائیں گے۔