سیالکوٹ،15دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت معاشی محاذ پر متعدد چیلنجز کے باوجود معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ خواجہ محمد آصف کی رہائش گاہ پر سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی سمیت مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ ،2013 میں جب پاکستان مسلم لیگ ن کو حکومت ملی تو اس وقت ملک کو بہت زیادہ چیلنجزکا سامنا تھا،سب سے بڑا چیلنج اٹھارہ سے بیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا تھا جس نےملک کا نظام مفلوج کر کے رکھ دیا تھا، دنیا کے بڑے بڑے ماہرین کہہ رہے تھے کہ چند سالوں میں یہ مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔ اس وقت کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اس وقت کے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے نا صرف ملک کو بجلی کے بحران سے نکالا بلکہ اس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا۔ ایل این جی ٹرمینل کم ترین وقت میں لگایا گیا جس سے انڈسٹری کو ریلیف ملا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں سی پیک بھی آیا اور فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بھی پاکستان آئی ، ہم نے پاکستان کاجی ڈی پی گروتھ ریٹ5.8تک بڑھایا۔ہماراٹیکس ریونیو اٹھارہ سوارب سے بڑھ کر چار ہزار ارب تک پہنچا ، ہمارے دور میں تعلیم پر خصوصی توجہ دی گئی اسکولوں میں ریکارڈ انرولمنٹ ہوئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰننے کہا کہ سیالکوٹ شہر نے ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے،سیالکوٹ کی بنی ہوئی فٹبال فیفاورلڈ کپ میں استعمال ہو رہی ہیں،سیالکوٹ کے بنے ہوئے سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، لیدر پروڈکٹس جیسی کوالٹی مصنوعات پوری دنیا میں نہیں ملتی ، سیالکوٹ کے صنعت کاروں کی جانب سےاپنی مدد آپ کے تحت شروع کیے گئے منصوبے ایئرپورٹ،ائیر سیال،ڈرائی پورٹ اپنی مثال آپ ہیں۔گورنر پنجاب نےمزید کہاکہ دو ہزار اٹھارہ کے بعد ترقی نے یوٹرن لے لیا ۔ہم نے تعلیم کا بجٹ 120 ارب روپےد یا جو پی ٹی آئی کے دور حکومت میں صرف 60 ارب روپے جاری ہوا ۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے وزیر اعلی نے بیان دیا ہے کہ عثمان بزدار کے چار سال بیڈ گورننس کی نذر ہوگئے۔وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت سنبھالتے ہی کہا کہ ہم نے سیاست نہیں ریاست بچانی ہے۔اس وقت ہمیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کے لیےسوچنا چاہیے مسلم لیگ نون کی معاشی ٹیم نے گزشتہ ادواربھی مہنگائی کو لگام ڈالی تھی۔ماضی میں بھی مسلم لیگ ن کی اسی معاشی ٹیم نے ڈیلیور کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین کروڑ سے زائد لوگ حالیہ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ عمران خان کو صرف الیکشن کی فکر ہے اس کے برعکس وزیراعظم محمدشہبازشریف نے اپنی توجہ سیلاب زدگان کی بحالی پر مرکوز رکھی ہے، انہوں نے لوگوں میں گھر تقسیم کئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بہتری کا سفر جاری رہے گا اللہ کی مدد سے ہم ان مشکلات پر قابو پا لیں گے اور ملک میں خوشحالی آئے گی ۔











