اسلام آباد،15دسمبر (اے پی پی):سیکرٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیازاور فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی (اے ایف ڈی) کے کنٹری ڈائریکٹر فلپ اسٹین میٹز نے بابو صابو ویسٹ واٹر کے لئے 0.3 ملین یورو مالیت کے گرانٹ فنانسنگ معاہدے پر دستخط کئے ۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے بھی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
فرانسیسی گرانٹ بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبے کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام میں واسالاہور کی مدد کرے گی جس کی مالی اعانت بھی اے ایف ڈی کی طرف سے متوقع ہے۔ اس گرانٹ کی مدد سے واسا لاہور اہم منصوبے کی تیاری اور اس پر آسانی سے عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ مزید برآں یہ میٹروپولیٹن سٹی لاہور کے لوگوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لئے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی لاہور (واسا، لاہور) کی ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط کرے گا۔
بابو سابو کے گندے پانی کی صفائی کے پلانٹ سے توقع ہے کہ وہ دریائے راوی میں شامل ہونے سے پہلے 170 ایم جی ڈی گھریلو سیوریج کو ٹریٹ کرکے ماحولیاتی بہتری میں کردار ادا کرے گا ۔ فرانس فرانسیسی ایجنسی برائے ترقی کے ذریعے پاکستان میں توانائی اور شہری ترقی کے شعبے میں تکنیکی اور مالی مدد فراہم کر رہا ہے جس کا مقصد پاکستان میں گرین سرمایہ کاری کرنا ہے۔ اقتصادی امور کے وزیر نے پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے پر فرانسیسی حکومت اور اے ایف ڈی کا شکریہ ادا کیا۔











