حکومت پنجاب شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے  سرگرم ہے؛ سیکرٹری آصف چوہدری

11

ملتان، 27 دسمبر(اے پی پی ):سیکرٹری ہاؤسنگ ساؤتھ پنجاب محمد آصف چوہدری نے کہاہے کہ حکومت پنجاب شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے سرگرم ہے،واسا کے افسران عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رکاوٹوں، کوالٹی آف ورک میں کمی کی شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، تمام منصوبوں میں شفافیت اور اعلی معیار کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ نواب پور روڈ اور بی سی جی چوک کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم اللہ،ڈپٹی سیکرٹری ہاؤسنگ ملک زاہد اقبال،ڈائریکٹر انجینئرنگ عبدالسلام بھی ہمراہ تھے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ ساؤتھ پنجاب محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ ملتان شہر میں بوسیدہ سیوریج،واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی کے جاری میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایا تکمیل تک پہنچا کر عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی بنیادی سہولیات سے بروقت مستفید کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ نواب پور روڈ پر واٹر سپلائی لائنز ڈالنے کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا ئے۔

 اس دوران ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیوریج کے مسائل کے مستقل حل کے لئے واسا کی جانب سے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نواب پور روڈ کے دورہ کے موقع پر ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سوا دو ارب روپے کی مالیت سے بوسیدہ سیوریج لائنوں کو تبدیلی کے منصوبے پر 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، نواب پور روڈ پر 54، 48 اور 42 انچ سمیت دیگر قطر کی لائن ڈالنے کا کام مکمّل کر دیا گیا ہے جبکہ اعوان چوک سے نواب پور روڈ پر 48انچ قطر کی 8 کلومیٹر ایچ ڈی پی آئی فورس مین پائپ لائن ڈال دی گئی ہے اور اب نواب پور روڈ پر بارہ انچ قطر کی سولہ ہزار فٹ واٹر سپلائی لائن ڈالنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور بی سی جی چوک سیوریج منصوبے کے فیز ون کے تحت 1500 فٹ سیوریج لائن ڈال دی گئی ہے، نواب پور روڈ کی سڑک کی تعمیر کے لئے واسا نے فنڈز میٹروپولیٹن کارپوریشن کو دے دیے ہیں جبکہ بی سی چوک پر سڑک کی تعمیر کا کام ایم ڈی اے نے شروع کر دیا ہے۔

 اس دوران سیکرٹری ہاؤسنگ محمد آصف چوہدری نے واسا کو شہر بھر میں گٹروں پر ڈھکنوں کی سو فیصد موجودگی کو یقینی بنانے،پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہترکرنے اور تمام جاری سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔