پولیس افسران دفاتر سے نکل کر جرائم کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کریں؛آئی جی  پولیس عامر ذوالفقار خان

49

لاہور،27دسمبر  (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہاہے کہ پولیس کا اصل کام دفاتر میں نہیں بلکہ فیلڈ میں ہے، دفاتر سے نکل کر جرائم کنٹرول کیلئے عملی اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلی ٰسطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دوران اجلاس رواں برس صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور جرائم کے اعدادو شمارکا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے واضح کر دیا کہ جو آفیسر کام نہیں کرے گا اس سے فوری جواب طلبی کی جائے گی،وسائل کی کوئی کمی نہیں، افسران جرائم کنٹرول کے حوالے سے بہتر سے بہتر نتائج دیں۔آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ پر صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپیشل ایکشن پلان ترتیب دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اورون ویلنگ میں ملوث عادی نوجوانوں کے والدین سے قبل از وقت شورٹی بونڈز لئے جائیں۔

عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ سی ٹی او لاہور سمیت بڑے شہروں کے چیف ٹریفک افسران کو نیو ائیر کی مناسبت سے خصوصی پلان تشکیل دیں اور شاہرات پر غیر قانون سرگرمیوں میں ملوث قانون شکنوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ آتش گیر مادے، زہریلی شراب سمیت دیگر منشیات کی تیاری، خریدوفروخت اوراستعمال پر سخت ایکشن لیا جائے اور مکروہ دھندے میں ملوث سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کرکے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ انہوں  نے ڈکیتی، رابری اور قتل سمیت کرائم برخلاف پراپرٹی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو جرائم کنٹرول کی حکمت عملی وضع کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں موٹر سائیکل، گاڑی چوری میں ملوث منظم گینگز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

عامر ذوالفقار خان  نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں ملوث عادی مجرمان کو پابند سلاسل کرنے کیلئے خصوصی کریک ڈائون شروع کیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے تاکید کی کہ بچوں کے ساتھ بد فعلی اور زیادتی کے واقعات پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور ایسے واقعات میں ملوث سفاک ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ یونیفارم کا تقدس خراب کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

 آئی جی پنجاب نے کہاکہ شہریوں میں احساس تحفظ کی فضا اجاگر کرنے کیلئے پبلک سنٹرک پولیسنگ کے تحت بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں  نے کہاکہ فورس کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیحات میں شامل ہے لہذا تمام آر پی اوز اگلے سات روز میں ماتحت فورس کے ساتھ براہ راست ملاقات کرکے انکے مسائل سنیں۔

آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی کو نیو ائیر کے موقع پر مری میں سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کیلئے خصوصی پلان تشکیل دینے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ برفباری کے موسم میں سیاحوں کے متوقع رش کے پیش نظر اضافی ٹیمیں تعینات کی جائیں اور سپروائزری افسران صورتحال کی خود نگرانی کریں۔

 اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، سی سی پی او لاہور، تما م ریجن کے آر پی اوز اور ڈی آئی جیز سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔