نوشہرہ ورکاں،12دسمبر(اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں شاہد بشیر نے کہا ہے کہ سرکار کی زمین کا ایک انچ بھی کسی کے قبضہ میں نہیں رہ سکتا، قانون شکنی معاشرے میں بد اثرات کو جنم دیتی ہے اور عوام کے اجتماعی مفادات کا تحفظ بھی سٹیٹ کی زمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں شاہد بشیر نے محلہ پرانا کمیٹی گھر علاقے میں نقشہ منظور کروائے بغیر اور بشمول سرکاری رقبے پر تعمیر ہونے والی متنازعہ بلڈنگ مسمار کرنے بارے راؤ اشتیاق علی خاں کی قیادت میں ملاقات کے لیے آئے درجنوں افراد سے گفتگو کے دوران کیا۔اس موقع پر سابق جنرل سیکرٹری تحصیل بار رانا طیب شمشاداور کثیر تعداد میں وکلاء بھی موجود تھے اور اسسٹنٹ کمشنر شاہد بشیر کو پر امن انداز میں مفصل حقائق سے آگاھی دی۔
اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں شاہد بشیر نے کہا کہ قانون کو ہر گز کمزور نہ گردانا جائے، اسٹیٹ کے زمہداران حالات کو دیکھتے ہوئے کسی بھی فیصلے اور ایکشن کا حق رکھتے ہیں۔
اس موقع پر راؤ اشتیاق علی خان نے باور کرایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایکشن کے لیے تاخیری حربے کی بنا پر سرکار کا متنازعہ عمل قابضین اور محلے داروں میں تصادم کی طرف بڑھ رہا ہے۔











