سیالکوٹ کے شہریوں کے لیے موٹرسائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز احسن اقدام ہے؛ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد

16

سیالکوٹ، 21 دسمبر (اے پی پی): ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد  نے  کہا ہے کہ سیالکوٹ کے شہریوں کے لیے موٹرسائیکل ایمبولینس سروس کا آغاز احسن اقدام ہے جس سے تنگ گلیوں تک بھی ریسکیو کی رسائی آسان ہو گئی ہے اور بروقت طبی امداد مہیا کی جاتی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے سینٹرل ریسکیو اسٹیشن سیالکوٹ میں ماہانہ انسپیکشن کے موقع پر کیا۔ ترجمان ریسکیو 1122سیالکوٹ کے مطابق ریجنل ایمرجنسی آفیسرگوجرانوالہ سید کمال عابد نے انسپیکشن ٹیم کے ہمراہ ضلع سیالکوٹ کے ہیڈ کوارٹر سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ کا دورہ کیا اور ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال  نے اسٹیشن اور گاڑیوں کی انسپیکشن کروائی۔

 اس موقع پر ریسکیورز نے پریڈ کا عملی نمونہ پیش کیا جس کی کمانڈندیم اختر نے کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال  نے ماہانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر نے سٹاف کی یونیفارم، ظاہری حالت، ریکارڈ، گاڑیوں کے آلات اور اسٹیشنز کی بلڈنگ  اور خصوصی طور  پر موٹر سائیکل ایمبولینسز کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے فلڈ سٹور روم، کنٹرول روم ریکارڈ اور ایمرجنسی کالز کا بھی جائزہ لیا۔

 ریسکیورز سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے  پریکٹس کو اپنی  ہر شفٹ کا حصہ بنائیں تاکہ بہتر طریقہ سے لوگوں کو خدمات مہیا کی جا سکیں۔ ریسکیورز اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، کسی بھی ریسکیورز کو کسی قسم کا مسلۂ ہو تو وہ ضرور بتائے۔  انہوں نے ریسکیورزکی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضروری ہدایات بھی دیں۔