لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے چیئرمین کسان اتحاد چودھری خالد حسین کی قیاد ت میں وفد نے ملاقات کی جس میں گندم کی قیمتوں، بھل صفائی، کھاد کی دستیابی اور کسانوں کو درپیش دیگر مسائل کے حل پر بات چیت ہوئی۔ ترجمان کے مطابق 90شاہراہ قائد اعظم پر بدھ کے روز ہونے والی ملاقات میں وفد نے گندم کی امدادی قیمت بڑھانے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا مطالبہ کیا۔سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے پنجاب سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایکٹ میں اصلاحات کے ذریعے گنے کے کاشتکاروں کو معاوضے کی ادائیگی یقینی بنائی گئی ہے، محکمہ صنعت وتجارت کوگنے کے وزن میں کٹوتی کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کے حوالے سے کسانوں کا مطالبہ کابینہ کے اجلاس میں رکھوں گا اوربھل صفائی کے بارے کسانوں کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔پنجاب کی کسی نہر کی بھل صفائی صرف کاغذوں میں ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جعلی بیج اور سپرے فروخت کرنے والے کا لائسنس کینسل اور اس کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔ کھادوں کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے کنٹرول روم بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صارف کورٹ میں کسانوں کی بیج اور سپرے کے حوالے سے آنے والی شکایت کا ازالہ مقررہ مدت میں ہوگا۔ سیکرٹری زراعت، سی سی پی او لاہور، زراعت، خوراک، آبپاشی کے محکموں کے افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔ کسان اتحاد کے وفد میں وائس چیئرمین میاں غلام مصطفی وٹو، مرکزی صدر میاں عمیر مسعود، صوبائی صدر محمد حسین اور دیگر شامل تھے۔











