سیالکوٹ،8 دسمبر(اے پی پی): صنعتی مرکز سیالکوٹ سے گزشتہ سال 4 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں ، نجی شعبہ کے زیر انتظام ائیرپورٹ، ائیر لائن اور ڈرائی پورٹ کے پراجیکٹ مثالی طریقہ سے چلائے جا رہے ہیں ، رواں سال 4 لاکھ 72 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے مقیم الاسلام سہروردی کی قیادت میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاور سے آئے 35 ویں کامن مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کے زیر تربیت افسران کو سیالکوٹ بارے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اے ڈی سی فنانس سیدہ آمنہ مودودی ، اے ڈی سی جنرل شاہد عباس بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے ضلع میں 52 ارب روپے لاگت سے 118 ترقیاتی منصوبے ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے ہیں، پراجیکٹس میں روڈز، واٹر اینڈ سینی ٹیشن، ہائر ایجوکیشن ، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی ، جناح کرکٹ اسٹیڈیم کی بحالی و اپ گریڈیشن ، ہائی پرفارمنس سنٹر ، سرجیکل سٹی، سیالکوٹ پسرور روڈ، وزیر آباد سیالکوٹ روڈ سمیت اہم منصوبوں کے ساتھ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے زیر انتظام 17000 ملین روپے لاگت سے سڑکوں، پارکوں ، سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گلشن اقبال پارک میں میوزیم کا منصوبہ ہے، خیابان اقبال پارک کو بحال کیا گیا ہے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو میشنری پہلے ہی فراہم کر دی گئی ہے ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا دائرہ 24 یونین کونسلوں سے بڑھا کر 30 کر دیا ، مستقبل میں اسکا دائرہ تمام تحصیلوں تک بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای خدمات مرکز تیار ہو چکا ہے جہاں 133 خدمات فراہم کی جائیں گی ، سیالکوٹ جمخانہ کے لیے 50 کنال اراضی کا انتخاب کر لیا گیا ہے ۔جہلم کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد کے لحاظ سے سیالکوٹ کا دوسرا نمبر ہے ، گندم اور چاول دو بڑی فصلیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں چار یونیورسٹیاں ، 99 سرکاری و پرائیویٹ کالجز اور 1787 سرکاری 2023 پرائیویٹ سکولز ہیں ، سکولوں میں 54 فیصد طالبات ، 46 فیصد طلبہ ہیں، سرکاری سکولوں میں سہولیات میں اضافہ ، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کی تربیت اور اساتذہ کرام کی صلاحیتوں میں اضافہ پر فوکس ہے ضلع میں شرح خواندگی 65 فیصد ہے، روایتی طرز تعلیم کے ساتھ نان فارمل ایجوکیشن، محکمہ تعلیم کے زیر انتظام مدارس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع میں ہفتہ اقبال کو ہر سطح پر بھرپور سراہا گیا ہے ، انٹر سکول کرکٹ چیمپئن شپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے ۔











