ملتان 27جولائی( اے پی پی ):ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں “انسانی صحت اور بہتر ماحول کے لئے موثر ویسٹ منیجمنٹ کی ضرورت” کے موضوع پر ڈیپارٹمنٹ آف سائل و انوائرمینٹل سائنسز، ولنٹئیر فورس اور ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انوائرمینٹل ڈیپارٹنمنٹ کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر تنویرالحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے پوری دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کا سامنا ہے اور دنیا میں وقوع پذیر برفانی طوفانوں اور تباہ کن بارشوں کی وجہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ان ممالک میں سرفہرست جسے موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کا سامنا ہے جبکہ موسمی تغیر کی وجہ سے پوری بین الاقوامی سطح پر خوراک کی کمی کا خدشہ ہے۔اسسٹنٹ پروفیسر شکیل احمد نے کہا کہ کوڑا کرکٹ سے پیدا ہونے والی آلودگی بھی ماحول پر اثرانداز ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبے شروع کرنے کی ضرورت ہے۔اسسٹنٹ پروفیسر تنویر احمد نے کہا کہ ویسٹ سے کھاد پیدا کرکے اسے سبزیوں اور فصلوں کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں ویسٹ سے کمپوسٹ تیار کیا جارہا ہے اور یونیورسٹی میں پودوں کے لئے کھاد کے طور پر ویسٹ سے تیار کی گئی کمپوسٹ استعمال کی جاتی ہے۔ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے منیجر آئی ایم ایس محمدعمران خان نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی روزانہ 900 ٹن کوڑا شہر سے اٹھا رہی ہے جبکہ نئی مشینری کی خریداری کے بعد ویسٹ اٹھانے کی استعداد میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔کمپنی کے منیجر آپریشنز نے بتایا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی لینڈ فل سائیٹ کی کیپیسٹی ختم ہوگئی ہے اور نئی لینڈ فل سائیٹ کے لئے جگہ کی تلاش جاری ہے جو کہ ایشین بنک کے تعاون سے خریدی جائے گی۔انوارالحق نے بتایا کہ حکومت پنجاب اور ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔ڈپٹی منیجر کرن خان نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آور ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کا اشتراک بہترین اقدام ہے۔اسسٹنٹ منیجر فریحہ ہاشمی نے بتایا کہ ایم ڈبلیو ایم سی اور انوائرمینٹل ڈیپارٹنمنٹ کے ولنٹئیر مل کر عوامی آگاہی مہم شروع کریں گے۔











