ملتان؛ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر کی  صحت کے میگا پراجیکٹس کو بجلی اور گیس کنکشن فوری فراہم کرنے کی ہدایت

24

ملتان،15دسمبر(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفرنے جنوبی پنجاب میں صحت کے شعبے میں اربوں روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس کو بجلی اور گیس کنکشن کی فراہمی میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا ہے۔انہوں نے ورچوئل اجلاس میں میپکو اور ایس این جی پی ایل حکام کو ان منصوبوں کو کنکشن فراہم کرنے کے احکامات جاری کردئے ہیں۔

ورچوئل اجلاس میں جنوبی پنجاب کے سیکرٹری پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر، وائس چانسلر نشترمیڈیکل یونیورسٹی، پرنسپل رحیم یار خان میڈیکل کالج،پرنسپل ڈی جی خان میڈیکل کالج کے علاوہ جی ایم ایس این جی پی ایل،چیف ایگزیکٹیو میپکو، پراجیکٹ منیجر آئی ڈیپ اور پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے حکام شریک ہوئے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب ثاقب ظفر نے اجلاس سے خطاب میں صحت کے میگا پراجیکٹس کو بجلی اور گیس کنکشن کی فراہمی میں تاخیر کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل کا مقصد عوام تک انکے بروقت ثمرات پہنچانا ہوتا ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں کروڑوں روپے کی رقم جمع کرانے کے باوجود بجلی گیس کی فراہمی میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے۔انہوں نے ہدایت کی میپکو اور ایس این جی پی ایل حکام  پراجیکٹس کو کنکشن فراہم کرنے کی ٹائم لائن مقرر کریں اور منصوبوں کو فعال کرنے کے لئے عملی  اقدامات اٹھائیں۔

کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ سرجیکل کمپلیکس شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان کو بجلی کا ڈوئل فیڈر کنشن فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ڈی جی خان کاجلد  افتتاح کرنا چاہتی ہے اس لئے اس منصوبے کو 30جنوری تک بجلی کا کنکشن فراہم کردیا جائے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پرویز الہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے توسیعی منصوبے کو بھی  مارچ2023 تک فیڈر کنکشن فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈی جی خان کو  سوئی گیس کی فراہمی کے انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظاہر پیر رحیم یارخان میں زیر تعمیر صحت کے ہب اینڈ سپوک ماڈل پراجیکٹ  کو جد فعال کیا جائے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صحت کے منصوبوں کو فعال بنانے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو میپکو اور جی ایم ایس اجن جی پی ایل نے  ایڈیشنل چیف سیکرٹری  کو منصوبوں کو بجلی اور گیس کنکشن فراہمی بارے بریفنگ دی۔