موجودہ حکومت محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے؛ وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود

80

کوئٹہ،07 دسمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،پوسٹ مین ادارے کا اہم و مرکزی ستون ہے۔

ان خیالات کا  اظہار وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے  بلوچستان پوسٹل سرکل کے تحت کوئٹہ جی پی او میں  پوسٹ مین حضرات کو موٹر سائیکل فراہمی کی تقریب  سے خطاب میں کیا۔ تقریب میں  ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر و دیگر پوسٹل آفیسران بھی شریک تھے۔یو نیورسل پوسٹل یونین کے اشتراک سے کوالٹی آف سروس فنڈ کے تحت ڈاک کی بروقت ترسیل اور بہتری کیلئے پوسٹ مینوں میں موٹر سائیکل کی تقسیم کاانعقاد کیاگیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت محکمہ ڈاک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تا کہ عوام الناس کو بہترین سروسز مہیا کی جاسکیں، پوسٹ مین ادارے کا اہم و مرکزی ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ایف اے ٹی ایف کی آڑ میں پاکستان پوسٹل سروس کے منافع بخش سیکشنز کو بند کردیا جسکو کو ہم نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ملکر دوبارہ بحال کردیا ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پوسٹل سروس کو دوبارہ مگر جدید خطوط پر استوار کرکے ایک بین الاقوامی معیار کا سستا کورئیر سروس بنانے کے عمل پر تیزی سے کام جاری ہے۔ موجودہ حکومت نے ماضی کے حکومت کے ملازمین کش پالیسیوں کو یکسر بند کرکے ملازمین کے فلاح وبہبود کی پالیسی اپنائی ہے اور ملک کے بند ڈاکخانے دوبارہ کھول دیئے گئے ہیں۔

 ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ رانا حسن اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے عوام الناس کو بہترین سروسز کی فراہمی کیلئے موجودہ حکومت اور وفاقی وزیر اسد محمود کے تعاون سے پاکستان پوسٹ کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے کئی نئے منصوبوں کا اجراءکیا ہے جس سے پاکستان پوسٹ کے نظام میں بہتری لائی جاسکے گی۔