میرپورخاص؛ سندھی ثقافتی دن  پر منفرد، عظیم الشان عوامی جشن ” پاکستان زندہ باد” کی تقریب کا انعقاد

2

 میرپورخاص ، 05 دسمبر (اے پی پی ): ایوان صحافت  کے زیر اہتمام سندھی ثقافتی دن پر منفرد اور عظیم الشان عوامی جشن ” پاکستان زندہ باد” کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔سندھ کے  نامور فنکار اصغر کھوسو اپنے منفرد انداز سے شرکاء کو ہنساتے رہے اور مختلف گیت گا کر ہزاروں کے مجمع کو جھوماتے رہے، ساتھ ہی پروین بہار نے اپنی سریلی آواز میں سندھی لوک گیتوں سے عوامی جم غفیر کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

جشن کی میگا تقریب میں شریک فنکاروں اور معزز مہمانوں سمیت سندھی ثقافت میں رنگے ہزاروں سندھی واسیوں نے ایوان صحافت کے اس رنگا رنگ ثقافتی میلہ تقریب کو خوب سراہا اور ایکتا کا یہ پیغام دیا کہ سندھی دنیا کی ایک باشعور اور مہذب قوم ہے جو اپنی ثقافت، تہذیب اور زبان کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔

 سندھی قوم نے ہمیشہ اپنی تاریخ اور ثقافت کو مقدس اور مقدم رکھا ہے۔ امن پیار، محبت عزت اور بھائی چارہ سندھ دھرتی کی پہچان رہی ہے، سندھ صوفی بزرگوں، علم دوستوں اور بہادروں کی دھرتی ہے۔

اس جشن پروگرام میں ایم پی اے سید زوالفقار علی شاہ، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، ایس ایس پی کیپٹن ( ر)  چوہدری اسد علی،  پی پی پی رہنما چوہدری نظام الدین آراٸیں، چوہدری انس و اویس نظام آراٸیں، سردار رشید پہنور، آسٹریلیا سے ضیا خان کی سربراہی میں آٸے وفد، ڈاٸریکٹر اطلاعات میرپورخاص حزب اللہ میمن، میرپورخاص ضلعی وکلاء بار کے صدارتی امیدوار سکندر کولاچی، یوسی چیٸرمین حاجی محمد علی، پی پی پی منارٹی ونگ کے ڈویژنل صدر رمیشن ڈیون  کمار مالہی، منظور میمن، عابد کوری، ڈاکٹرز، تاجر برادری، سول سوسائٹی، سیاسی سماجی شخصیات اور سندھ دھرتی سے پیار کرنے والے ہزاروں شہری سندھی ٹوپی اجرک پہن کر شریک ہوئے۔