نوشہرہ ورکاں: اینٹی کرپشن ڈے کا انعقاد

15

نوشہرہ ورکاں، 09 دسمبر (اے پی پی):کرپشن کے خاتمہ کے لیے آج نو دسمبر کو عالمی سطح پر اینٹی کرپشن ڈے منایا گیا اور اسی نسبت سے نوشہرہ ورکاں میں بھی نجی سکول کے مالک میاں منظور احمد کی قیادت میں انسداد کرپشن ریلی نکالنےکا اہتمام کیا گیا۔انسداد کرپشن ریلی کا آغاز کنڈر گارڈن کیمپس سے ہوا جس میں سینکڑوں طلباء نے شرکت کی اور کرپشن کے خاتمہ کے حوالہ سے بینرزبھی اٹھا رکھے تھے۔ کنڈر گارڈن کیمپس سے نکالی گئی انسداد کرپشن ریلی بدورتہ روڈ تتلے عالی روڈ اور تھانہ چوک سے ہوتی ہوئی واپس کنڈر گارڈن کیمپس سکول سسٹم پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر میاں منظور احمد کا  کہنا تھا کہ کرپشن کی مضبوط جڑوں سے ملکی بنیادیں کھوکھلی ہو چکی ہیں ، شفافیت کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے اور ہر ادارے میں چمک لگائے بغیر کام کا ہونا ناممکن بن چکا ہے اور قیام پاکستان کا مقصد بھی دھندلا ہو چکا ہے اور ہمیں بحثیت قوم کرپشن کے نا سور کے خاتمہ کے لیے ہمہ تن کوشش کرنا ہو گی۔