ڈینگی کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے؛ڈپٹی کمشنر 

12

اوکاڑہ،09دسمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا   نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی اقدامات کےلئے تمام متعلقہ محکمے ایس او پیز کے مطابق ذمہ داریاں نبھائیں،ڈینگی کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا   نے کہا کہ کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان ڈور اور آؤٹ ڈور اقدامات کے ساتھ ساتھ ویکٹر سرویلینس پر مامور ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری رکھیں تاکہ عوام کو اس مرض سے محفوظ رکھ سکیں۔

ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے جہاں صفائی ستھرائی کا بنیادی عمل ہے وہاں عام شہریوں کو بھی ڈینگی کے انسداد کے متعلق آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔

اجلاس میں انڈرٹریننگ انٹامالوجسٹ حافظ محمدعبداللہ اور سی ڈی سی آفیسراصغرعلی نے ڈپٹی کمشنرکوضلعی  سطح پرانسداد ڈینگی کے اقدامات اور ٹیموں کی کارکردگی پر مفصل رپورٹ دی اور بتایا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج اور جرمانے بھی کئے جارہے ہیں۔

اجلاس میں  چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز راۓ ممتاز علی سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسرا ن نے شرکت کی۔