پاک- انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ؛ دوسرے میچ کیلئے  چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ،بیٹنگ کوچ کی پچ  بارے مشاورت

81

ملتان،07 دسمبر (اے پی پی ): انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز  کو برابر کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بڑوں نے سر جوڑ لیے اور کامیابی کے ہدف میں ہوم پچ ایڈوانٹیج لینے کیلئے چیف سلیکٹر، ہیڈ کوچ،بیٹنگ کوچ اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کی بڑی بیٹھک ملتان سٹیڈیم کی پچ کے کنارے ہوئی۔

ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق ،بیٹنگ کوچ محمد یوسف ،چیف سلیکٹر محمد وسیم  ڈائریکٹر ڈومیسٹک ندیم خان نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ ملتان میں چکانے کیلئے ہوم پچ ایڈوانٹیج بارے مشاورت کی ایڈوانٹیج لینے کیلئے ملتان ٹیسٹ کی پچ پاکستان ٹیم کی قوت کے مطابق بنانے کا فیصلہ ہوا۔

 تین ٹیسٹ میچوں میں سیریز کے دوسرے ملتان ٹیسٹ کی پچ بارے  پاکستان کرکٹ ٹیم  کے بڑوں کی بڑی بیٹھک میں بیٹنگ فاسٹ یا سپن ٹریک تینوں آپشن زیر بحث رہے اور فاسٹ باؤلرز  کے مقابلے میں سپن ٹریک زیادہ موثر ہتھیار قرار دیا گیا۔ سپورٹنگ پچ کا آپشن بھی زیر بحث رہا اس حوالے سے  17برس پرانا پاک انگلینڈ ملتان ٹیسٹ میچ اور باؤلنگ قوت کا بھی ذکر ہوتا رہا۔

اس دوران  ثقلین مشتاق کی اقتداء میں نماز ظہر باجماعت ادا کی گئی ۔محمد یوسف، محمد وسیم اور ندیم خان بھی باجماعت نماز میں شریک ہوئے۔