پشاور، 19 دسمبر(اے پی پی ): ایف آئی اے نے ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام اور غیر قانونی زرمبادلہ کی لعنت پر لگام لگانے کے لیے مختلف کارروائیوں کے دوران اس غیر قانونی دھندے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
اطلاع ملنے پر چوک یادگار پشاور پر ایک کامیاب چھاپہ مارا گیا، جس دوران لنڈی کوتل کے رہائشی عرفان اللہ ولد حضرت آباد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک لاکھ امریکی ڈالر کی ریکوری کی گئی ہے ۔ ملزم عرفان اللہ ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا سرغنہ ہے جسے ایف آئی اے کی ٹیم نے انتھک کوششوں سے گرفتار کیا۔ اس کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایک او ر کارروائی میں خیال نور ولد مولا نور (افغانی شہری ) اور شاہ نواز ولد ظفر محبوب کو ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ ان کے پاس سے بالترتیب تین ملین ہنڈی حوالات کی رسیدیں برآمد کی گئی ہیں ۔ ان کے خلاف قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت دو الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔











